پشاور: خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی انتشاری تحریک کے باعث پیدا ہونے والی شدید بدامنی اور انتظامی بگاڑ کے بعد صوبے کی نازک صورتحال کو سنبھالنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
صوبائی پولیس میں گریڈ 21 کے سینئر افسر سید عباس احسن کو خیبر پختونخوا کے 12 حساس اضلاع کے لیے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (اے آئی جی) تعینات کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن اور موصولہ اطلاعات کے مطابق سید عباس احسن اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز کے اہم فرائض انجام دے رہے تھے، تاہم نئی تعیناتی کے بعد انہیں صوبے کے ان 12 اضلاع میں پولیسنگ اور امن و امان کے تمام تر معاملات کی براہِ راست ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
جن اضلاع کا دائرہ کار ان کے سپرد کیا گیا ہے ان میں ضم شدہ قبائلی علاقے باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں، جبکہ بندوبستی اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت کو بھی اس دائرہ کار میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج، اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں 6 نکاتی ایجنڈا جاری
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں پچھلے کچھ عرصے کے دوران انتشاری ٹولے کی بدانتظامی، لاء اینڈ آرڈر کے بگاڑ اور سرحد پار سے بڑھتی ہوئی بدامنی و دہشت گردی کی لہر کے تناظر میں کچھ دن پہلے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی جیسے سخت آئینی اقدامات نافذ کیے گئے تھے تاکہ ریاست کی حاکمیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسی آئینی عمل اور امن و امان کی بحالی کے سلسلے میں وفاقی حکومت اس سے قبل انہی 12 اضلاع کے لیے محمد یحییٰ آخونزادہ کو بطور ایڈمنسٹریٹر بھی تعینات کر چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق نو تعینات شدہ ایڈیشنل آئی جی سید عباس احسن اور ایڈمنسٹریٹر محمد یحییٰ آخونزادہ انتظامی اور پولیسنگ امور میں براہِ راست وفاقی حکومت کو جوابدہ ہوں گے۔
ان دونوں تجربہ کار افسران کی زیرِ نگرانی متعلقہ اضلاع میں امن و امان کی مکمل بحالی، دہشت گردی کے سدباب اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔





