بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات، دوطرفہ روابط مضبوط کرنے پر اتفاق

Pakistan SCO Summit 2026

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ رواں سال جون میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور عوامی و علاقائی سطح پر رابطے بڑھانے کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ تہران اور ایرانی قیادت سے ہونے والے تعمیری روابط کا حوالہ دیتے ہوئے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کو خطے میں دیرپا امن کے لیے قابلِ عمل راستہ قرار دیتے ہوئے تحمل، ضبط اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر قائم ہیں۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امتِ مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جبکہ صدر پزشکیان نے وزیراعظم کو دسمبر 2026 میں تہران میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عالمی ثالت عدالت کے فیصلے کاخیرمقدم

اس اہم ملاقات میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ موجود تھیں جبکہ ایران کی طرف سے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top