خیبرپختونخوا کے دینی مدارس میں لائبریریوں کے قیام کے بڑے منصوبے کا آغاز

Pakistan SCO Summit 2026

سلمان یوسفزئی
پشاور:خیبرپختونخوا کے دینی مدارس میں لائبریریوں کے قیام کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے 210 رجسٹرڈ مدارس کو نصابی کتب اور لائبریری کے لیے ضروری فرنیچر کی فراہمی مکمل کرلی گئی ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ اوقاف کی عمارت میں مدارس کے لیے تعلیمی مواد کی تقسیم کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں متعلقہ حکام اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

منصوبے کے تحت صوبے کے 140 بندوبستی اضلاع اور 70 ضم شدہ اضلاع میں قائم مدارس کو تعلیمی مواد فراہم کیا گیا ہے۔ مدارس کے نصاب کو معاونت فراہم کرنے کے لیے مجموعی طور پر 11 ہزار 760 نصابی کتب تقسیم کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق تمام 210 مدارس کو مختلف تعلیمی درجات کے لیے کتابوں کے 7، 7 سیٹس فراہم کیے گئے ہیں، جن میں درجہ اولیٰ، ثانیہ، ثالثہ، رابعہ، خامسہ، سادسہ، موقوف علیہ اور دورہ حدیث کی کتب شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں دو فریقین کے درمیان مسلح تصادم، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

مدارس میں مطالعے اور تحقیق کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار 940 فرنیچر آئٹمز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہر مدرسے کو 2 بک شیلف، 2 لائبریری ٹیبلز اور 10 کرسیاں دی جا رہی ہیں۔ مجموعی فرنیچر میں 420 بک شیلف، 420 ٹیبلز اور 2 ہزار 100 کرسیاں شامل ہیں۔

صوبائی وزیر محمد عدنان قادری کے مطابق منصوبے کا مقصد مدارس کے طلبہ کو نصابی کتب تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید تعلیمی ماحول مہیا کرنا ہے۔

صوبائی وزیر اوقاف کا کہنا تھا کہ مدارس میں لائبریریوں کے قیام سے طلبہ کی علمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔

تقریب میں سیکرٹری اوقاف عطاءالرحمان اور سربراہ متحدہ علماء بورڈ مولانا احسان الحق سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top