پشاور, شہید پولیس اہلکار فاروق شاہ کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: تھانہ متنی کی حدود مریم زئی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار فاروق شاہ سکنہ مریم زئی کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، کمانڈر 102 بریگیڈ بریگیڈیئر مبشر، چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، پاک آرمی حکام، سی ٹی ڈی افسران، ایس پی ہیڈکوارٹرز علی گوہر سمیت شہید کے لواحقین اور پولیس افسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ پولیس اور پاک آرمی حکام نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہید کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید فاروق شاہ کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور، پولیس مقابلے میں نورے گینگ کے تین انتہائی مطلوب کارندے ہلاک

پولیس حکام نے شہید کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور محکمہ پولیس اپنے شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top