ضلع خیبر: خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ہنگامی حالات کے نفاذ کے بعد منفی پروپیگنڈے کا طوفان کھڑا کرنے والوں کو عملی اقدامات نے کرارا جواب دے دیا ہے۔
تحصیل باڑہ کے شاہد آفریدی اسپورٹس کمپلیکس میں پچاس کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی کام نہ صرف بدستور جاری ہیں بلکہ نئے انتظامی سیٹ اپ کے تحت ان میں شفافیت اور معیار کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
گورنر راج کے نفاذ کے بعد سوشل میڈیا میں یہ افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ صوبے میں ایمرجنسی لگنے سے تمام ترقیاتی کام ٹھپ ہو جائیں گے اور علاقہ مزید پسماندگی کا شکار ہو جائے گا۔
تاہم زمینی حقائق نے اس پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ شاہد آفریدی اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرنے پر معلوم ہوا کہ 50 کروڑ سے زائد لاگت کے اس میگا پروجیکٹ پر تعمیراتی کام پوری رفتار سے جاری ہے۔
ماضی میں سابقہ حکومت کے دور میں اس نوعیت کے منصوبوں پر ناقص میٹریل کے استعمال اور فنڈز میں کرپشن و غبن کی شکایات عام تھیں، جس کی وجہ سے عوام شدید مایوسی کا شکار تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے 13 سالہ اقتدار کا سب سے بڑا گندم اسکینڈل بے نقاب، نوشہرہ کے اضاخیل گودام سے گندم غائب، بوریوں سے مٹی اور ریت برآمد
لیکن اب وفاقی فیصلے اور نئے انتظامی سیٹ اپ کے تحت سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس کی واضح مثال شاہد آفریدی اسپورٹس کمپلیکس میں نئی اور بہترین معیار کی باؤنڈری وال کی تعمیر اور گراؤنڈ کے دیگر حصوں میں اعلیٰ درجے کا کام شروع ہونا ہے۔
مقامی شہریوںکا کہنا ہے کہ تحصیل باڑہ اور ضلع خیبر میں ترقیاتی کاموں کا رکنا تو دور کی بات، اب کرپشن، اقربا پروری اور ناقص میٹریل کے تمام راستے ہمیشہ کے لیے بند کیے جا رہے ہیں۔
نئے سیٹ اپ کی زیرِ نگرانی جاری ان شفاف ترقیاتی سرگرمیوں سے نہ صرف ضلع خیبر کی شکل و صورت مکمل طور پر بدل رہی ہے بلکہ عوام کا ریاست پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہو رہا ہے۔





