سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فوری اقدام کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل باسیمہ کے علاقے پارا بیجار میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کو اطلاع ملی تھی کہ پاٹک سے 5 کلو میٹر جنوب اور بیسمہ کیمپ سے 27 کلو میٹر جنوب مغرب میں واقع پارا بیجار کے علاقے میں 6 سے 8 دہشت گرد موجود ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پاٹک میں پہلے سے موجود سیکیورٹی فورسز کے دستے فوری طور پر دہشت گردوں کی موجودگی کے مقام پر پہنچے۔
سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے جن کی لاشیں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں سے دو کی شناخت نجم الدین ولد علی حسن (سکنہ شیرینزہ) اور عدنان ولد جلال الدین (سکنہ نوشکی) کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کی جا رہی ہے۔
فورسز نے علاقے میں آپریشن کے بعد مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔





