وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ پاک بحریہ کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں پاک بحریہ کے شہداء، غازیوں اور تمام اہلکاروں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 ستمبر 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے آپریشن “سومناتھ” کے ذریعے دشمن کی ساحلی تنصیبات کو خاک نشین کر کے تاریخ کا روشن باب رقم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھاری اسلحے سے لیس دشمن کے مقابلے میں ہمارے بحری جہازوں نے درست نشانے لگائے اور آبدوز “غازی” کی بحرِ ہند میں موجودگی نے دشمن کے عزائم کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔
انہوں نے موجودہ تزویراتی منظرنامے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ بین الاقوامی بحری گزرگاہوں اور تجارت کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی کشیدگی کے باوجود پاک بحریہ نے پاکستانی پرچم بردار تجارتی جہازوں اور خصوصاً پٹرولیم مصنوعات لانے والے جہازوں کی آمدورفت کو بلا تعطل یقینی بنایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روایتی دفاع کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ “امن” مشقوں اور بحری سفارت کاری کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی پرامن شناخت اجاگر کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کا پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ترین میلجم کارویٹس، ہانگور کلاس آبدوزوں، فضائی اثاثوں اور ملکی سطح پر تیار کردہ میزائلوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک بحریہ جدید تقاضوں سے لیس ایک فولادی ڈھال بن چکی ہے۔
پیغام کے آخر میں وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور پوری قوم کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، اور یہ ادارہ ملک کے سمندری سرحدوں کے دفاع کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتا رہے گا۔





