نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی نے اپنی مختلف خدمات کی فیسوں کی نئی فہرست جاری کردی، نادرا کے مطابق ہر خدمت کی فیس الگ ہے اور اس کا انحصار کیٹیگری یعنی نارمل، ارجنٹ اور ایگزیکٹو پر ہوتا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری کی گئی فیسوں کی نئی فہرست کے مطابق یہ تفصیلات عوام کی رہنمائی کیلیے ہیں تاکہ شہری شناختی دستاویزات بنواتے وقت درست فیس سے آگاہ ہوں۔
فارم ب اور جووینائل کارڈ کی فیسیں:۔
فارم ب (سی آر سی) کی نارمل فیس 50 روپے مقرر کی گئی جبکہ ارجنٹ کیٹیگری میں یہ سہولت دستیاب نہیں اور ایگزیکٹو کی فیس 500 روپے ہے، اسی طرح جووینائل کارڈ کی نارمل فیس 750 روپے، ارجنٹ 1500 روپے اور ایگزیکٹو 2500 روپے ہے۔
شناختی کارڈ اور اسمارٹ شناختی کارڈ کی فیسیں:۔
پہلی بار قومی شناختی کارڈ کی نارمل کیٹیگری مفت ہے جبکہ ارجنٹ فیس 1150 روپے اور ایگزیکٹو فیس 2150 روپے مقرر کی گئی، سمارٹ شناختی کارڈ کی فیس بھی جووینائل کارڈ کے برابر ہے یعنی نارمل 750، ارجنٹ 1500 اور ایگزیکٹو 2500 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
نائیکوپ کی فیسیں:۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلیے نائیکوپ کی فیس زون کے حساب سے مختلف ہے، امریکہ، یورپ اور آسٹریلیا زون اے کیلیے نارمل فیس 39 ڈالر، ارجنٹ 57 ڈالر اور ایگزیکٹو 75 ڈالر ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ، افریقا اور دیگر ایشیائی ممالک پر مشتمل زون بی کیلیے نارمل فیس 20 ڈالر، ارجنٹ 30 ڈالر اور ایگزیکٹو 40 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
پی او سی کی فیسیں:۔
اسی طرح پاکستان اوریجن کارڈ یعنی پی او سی کی فیس سب سے زیادہ ہے، جس کی نارمل فیس 150 ڈالر، ارجنٹ 200 ڈالر اور ایگزیکٹو 250 ڈالر ہے۔





