سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کارکنوں کو خطرے میں نہ ڈالنے کا مؤقف اپناتے ہوئے لانگ مارچ سے واپسی کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد ان کی قیادت میں قافلہ واپس روانہ ہوگیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقے میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جبکہ قیادت نے توڑ پھوڑ سے گریز کرتے ہوئے تحریک کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ کارکنوں کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے، راستے بند ہیں اور آگے نہیں جایا جا سکتا، اس لیے واپسی کا فیصلہ کیا ہے, ان کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک والی باتیں نہیں، عملی صورتحال دیکھ کر فیصلے کرنے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں لکی مروت سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ
لانگ مارچ کے پہلے مرحلے میں لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور بنوں سے کارکن قافلے میں شامل ہیں۔ لانگ مارچ کے شرکاء آج رات کرک کے قریب قیام کریں گے۔





