پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے بیرونِ ملک میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایک بڑا اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایم ڈی کیٹ پاس کرنے کی لازمی شرط ختم کر دی ہے۔
کونسل کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب بیرونِ ملک میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلبہ کے لیے MDCAT امتحان پاس کرنا ضروری نہیں ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بیرونِ ملک تعلیم کے حصول کے عمل کو آسان بنانا اور داخلوں کی راہ میں حائل ایک بڑی بنیادی رکاوٹ کو دور کرنا ہے، جس سے ہزاروں طلبہ کو براہِ راست سہولت میسر آئے گی۔
دوسری جانب پی ایم ڈی سی نے بیچلر آف ڈینٹل سرجری (BDS) کے ڈگری پروگرام کے دورانیے سے متعلق بھی اہم پیش رفت کی ہے۔ کونسل نے ڈینٹل تعلیم کا دورانیہ 5 سال کرنے کا اپنا سابقہ فیصلہ باقاعدہ واپس لے لیا ہے جس کے بعد بی ڈی ایس کا نصابی دورانیہ 4 سال ہی برقرار رہے گا۔
پی ایم ڈی سی حکام نے قائمہ کمیٹی برائے صحت (سینیٹ) کو اس فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کونسل نے توسیع سے متعلق جاری کیا گیا گزشتہ نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا ہے۔
قائمہ کمیٹی نے کونسل کو ہدایت کی ہے کہ 4 سالہ بی ڈی ایس پروگرام کی توثیق کا باضابطہ نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے تاکہ طلبہ اور تعلیمی اداروں کا ابہام ختم ہو سکے۔





