پشاور میں مہنگائی، بے روزگاری اور شدید کاروباری مشکلات کے خلاف سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے مل کر زوردار احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
مظاہرین نے اسمبلی چوک پر خیبر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا اور خیبرپختونخوا حکومت اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ کئی برسوں سے عام عوام اور تاجر طبقہ شدید مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیںلیکن صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے بجائے صرف سیاسی سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں تاجر برادری اور عام شہریوں کے بنیادی مسائل کو وہ اہمیت اور توجہ نہیں دی جا رہی جس کے وہ مستحق ہیں۔مظاہرین نے گلہ کیا کہ اعلانات کے باوجود ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی عوام اور تاجر برادری سے کسی قسم کا مؤثر اور مسلسل رابطہ نہیں رکھ رہے۔
تاجر رہنماؤں نے خاص طور پر نشاندہی کی کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث مختلف راستوں اور شاہراؤوں کی بندش سے پنجاب کے ساتھ ہونے والی صوبائی تجارت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی سے معاشی دباؤ اور مہنگائی کی چکی میں پستی ہوئی تاجر برادری کو ان کاروباری رکاوٹوں کے باعث روزانہ کی بنیاد پر بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
مظاہرین نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ تاجروں کے مسائل کو حل کرنے میں رتی برابر بھی سنجیدہ نہیں ہے جبکہ اس کے برعکس گرفتار سیاسی کارکنوں کے معاملات میں بھی کوئی مناسب داد رسی یا سنجیدہ قدم نظر نہیں آ رہا۔





