پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے میٹرک سالانہ دوم اور اورینٹل لینگویجز امتحانات 2026 کے 7 تا 10 اکتوبر کو ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے ہیں۔
پشاور بورڈ کی جانب سے 5 اکتوبر 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ایس ایس سی سالانہ دوم اور اورینٹل لینگویجز امتحانات کے مذکورہ تاریخوں پر ہونے والے پرچے ملتوی کیے گئے ہیں۔
پشاور بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کے مطابق ملتوی کیے گئے پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جس سے امیدواروں کو بورڈ کے آئندہ سرکاری اعلان کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
بورڈ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ 10 اکتوبر کے بعد ہونے والے پرچے پہلے سے جاری شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق اپنے مقررہ شیڈول پر ہی منعقد ہوں گے۔ اس لیے ان پرچوں میں شامل امیدوار اپنے امتحانات معمول کے مطابق دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : رستم میں ٹریفک حادثہ، گاڑی گہری کھائی میں جاگری، ایک شخص جاں بحق
پشاور بورڈ نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ ملتوی ہونے والے پرچوں کی نئی تاریخوں سمیت امتحانات سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے بورڈ کے سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔
بورڈ کے مطابق امتحانات سے متعلق کسی بھی نئی تبدیلی یا نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان باقاعدہ طور پر کیا جائے گا، جبکہ امیدوار غیر مصدقہ اطلاعات پر انحصار کرنے کے بجائے بورڈ کے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔





