پہلی بار نائکوپ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نادرا کی اہم ہدایات جاری

 نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پہلی مرتبہ نیشنل آئی ڈی کارڈ فار اوورسیز پاکستانیز (NICOP) کا حصول چاہنے والے تارکین وطن کے لیے ضروری ہدایت نامہ اور نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں۔

 نادرا کے مطابق اٹھارہ سال یا اس سے زائد عمر کے وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی جو پہلی بار نائکوپ بنوانا چاہتے ہیں وہ اپنی درخواستیں جمع کروانے سے قبل تمام مطلوبہ اسناد اور تصدیقی تقاضے لازمی طور پر مکمل کر لیں۔

ترجمان نادرا کے مطابق درخواست گزار کے پاس والدین یا خون کے رشتہ دار کا قومی شناختی کارڈ یا نائکوپ نمبر ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک کا تفصیلی برتھ سرٹیفکیٹ، ایس ون فارم، شہریت یا نیچرلائزیشن کی سند کے ساتھ ساتھ پاکستانی یا غیر ملکی پاسپورٹ، رہائشی اجازت نامہ، سفری اسناد یا پھر پاکستانی سفارت خانے و مشن سے تصدیق شدہ اقرار نامہ  فراہم کرنا لازمی ہو گا۔

تصدیقی طریقہ کار کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ درخواست فارم کی توثیق کے لیے والدین یا اٹھارہ سال سے زائد عمر کے بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق کی جا سکتی ہے۔ اگر کسی وجہ سے بائیومیٹرک کی سہولت ممکن نہ ہو تو اندرونِ ملک کسی گزیٹڈ افسر یا عوامی نمائندے، جبکہ بیرونِ ملک مقیم کسی بھی نائکوپ ہولڈر سے فارم کی تصدیق کروائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا میں 16 ارب روپے سے زائد کے مالی سیکنڈل اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی

نادرا حکام نے مزید واضح کیا کہ ایسے افراد جن کا سابقہ خاندانی ریکارڈ نادرا کے پاس موجود نہ ہو انہیں دو نائکوپ یا شناختی کارڈ ہولڈرز کو بطور گواہ پیش کرنے کے ساتھ حلف نامہ بی جمع کروانا ہو گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی یہ تمام درخواستیں نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ یا اپنے قریب ترین نادرا رجسٹریشن سینٹر کے ذریعے باآسانی جمع کروا سکتے ہیں۔

Scroll to Top