ڈالر کی ہوس اور ویوز کے پجاری یہ یوٹیوبرز اور ڈالر مافیا ملک میں انتشار پھیلانے کا ایجنڈا چلا رہے ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بیرون ملک مقیم بعض یوٹیوبرز کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افراد بیرون ملک بیٹھ کر مالی فوائد حاصل کر رہے ہیں، جبکہ ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے نتائج پاکستان میں موجود پارٹی کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر مواد بنانے والے یوٹیوبرز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ افراد محفوظ ماحول میں بیٹھ کر پیسے کما رہے ہیں، لیکن ان کی منفی اور اشتعال انگیز پوسٹس کی قیمت پاکستان میں پی ٹی آئی کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے پہلے کبھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی جس میں کسی سیاسی شخصیت کی حمایت کا دعویٰ کرنے والے افراد اسی شخصیت کی مشکلات اور آزمائشوں کو اپنی آمدن کا ذریعہ بنا رہے ہوں۔

ان کے مطابق یہ یوٹیوبرز پی ٹی آئی کی مشکلات کو بھی مالی فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف آج پشاور پہنچیں گے، خیبر پختونخوا کے لیے میگا ترقیاتی پیکیج متوقع

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو بھی ان یوٹیوبرز کے لیے آمدن کے مواقع موجود تھے، تاہم پارٹی کے اقتدار سے باہر ہونے کے باوجود ان کی کمائی کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ ان یوٹیوبرز نے اپنی سرگرمیوں کے ذریعے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچایا ہے اور پارٹی کی موجودہ مشکلات میں ان کا کردار ہے۔

 ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیاسی معاملات پر سوشل میڈیا کا کردار اور بیرون ملک مقیم پاکستانی یوٹیوبرز کی سرگرمیاں بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں۔

Scroll to Top