الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی انتظامی تبدیلیوں کے بعد صوبے کے مختلف اضلاع کے قومی اسمبلی کے حلقوں کی جزوی ازسرنو حدبندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سوات، کرک، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سمیت مختلف اضلاع کے حلقوں کی نئی جغرافیائی حدود اور پٹوار سرکلز کی تفصیلات واضح کر دی گئی ہیں۔
نئی حدبندی کے تحت این اے 2 سوات ون میں بحرین، خوازہ خیلہ اور چارباغ کے علاوہ بابوزئی کے 6 پٹوار سرکلز شامل کیے گئے ہیں جبکہ این اے 3 سوات میں مینگورہ، بریکوٹ اور کبل کے بعض پٹوار سرکلز شامل ہوں گے۔ اسی طرح این اے 4 سوات ٹو میں تحصیل مٹہ اور کبل کے بیشتر علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔
دیگر اضلاع کی تفصیلات کے مطابق این اے 36 ہنگو کم اورکزئی کم کرک میں درشی اور متوخیل کے مواضعات شامل کیے گئے ہیںجبکہ این اے 38 کرک کی نئی تشکیل کے دوران 2 مواضعات کو حلقے سے نکال دیا گیا ہے۔
جنوبی اضلاع میں این اے 43 ٹانک کم ڈیرہ اسماعیل خان کم پہاڑپور میں ٹانک اور کلاچی کی تحصیلیں شامل کی گئی ہیں۔ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں کینٹ، ڈیرہ شہر اور شورکوٹ کے علاقے جبکہ این اے 45 میں درابن، پروآ، درازندہ اور مریالی شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایل پی جی صارفین کےلیے خوشخبری: فی کلو قیمت میں بڑی کمی کا امکان
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بالائی سوات اور پہاڑپور کو نئے اضلاع کا درجہ دینے کے علاوہ کرک اور ہنگو کی انتظامی حدود میں کی جانے والی تبدیلیوں کے باعث الیکشن کمیشن نے یہ نئی حدبندی تشکیل دی ہے۔





