اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کی خوشیوں کا مقصد ہمیں خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دینا ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مندوں کو بھی شریک کیا جائے اور ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچا جائے۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور متحد ہو کر اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہو گا۔
انہوں نے اس دن کو شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کے لیے دعا گو ہونے کا بھی ذکر کیا۔
دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ میٹھی عید کی میٹھی خوشیاں پوری قوم کو مبارک ہوں، اللہ تعالیٰ پاکستان میں امن اور سکون قائم رکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوشیاں ہمیشہ بانٹنے سے ہی بڑھتی ہیں اور عید کے موقع پر پنجاب حکومت نے تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ایک اورنیشنل ایکشن پلان بنانےکی ضرورت ہے،سپیکر ایاز صادق
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے مصروف عمل ہیں۔





