سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی ہدایات پر صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارکان اسمبلی اور حکومتی عہدیداروں سے متعلق پولیس کارروائیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارکانِ صوبائی اسمبلی، وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی برائے وزیراعلیٰ اور پارلیمانی سیکرٹریز کی گرفتاری یا حراست سمیت ان کی رہائش گاہوں پر چھاپوں، حملوں، تلاشی اور دیگر کارروائیوں سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں۔
اس سلسلے میں اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پیش آنے والے ایسے تمام واقعات کی مکمل رپورٹ اور متعلقہ ایف آئی آرز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے متعلقہ پولیس اسٹیشنز میں درج رپورٹس اور ایف آئی آرز کے علاوہ ان افراد کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے جنہوں نے ان واقعات سے متعلق پولیس کو درخواست یا رپورٹ جمع کرائی۔
یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈاپور مجوزہ پولیس ایکٹ کے خلاف کھل کر میدان میں آگئے
مراسلے کے مطابق مطلوبہ معلومات آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز 66، 67 اور 127، خیبرپختونخوا اسمبلی کے قواعدِ طریقہ کار و ضابطہ کار 2025 اور خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی ایکٹ 2026 کے تحت حاصل کی جا رہی ہیں۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے آئی جی خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ مکمل ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے۔





