وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل حج پورٹل پر متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت اب تک 26 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ 45 ہزار نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔ عازمین گھر بیٹھے حج پیکیج کے دورانیے اور رہائش کے انتخاب میں ترمیم کرسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق عازمین کو ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کے انتخاب کے ساتھ لانگ حج پیکیج کو شارٹ اور شارٹ کو لانگ پیکیج میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔
پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے ہارڈشپ کوٹے کے تحت محرم یا ہیلپر شامل کرنے، جبکہ ضرورت پڑنے پر درخواست منسوخ کرکے رقم واپس لینے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:حج بکنگ کے نام پر فراڈ کا خطرہ، وزارت مذہبی امور نے عوام کو خبردار کردیا
عازمین پاک حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے متعلقہ ڈاکٹر سے تصدیق کے بعد پورٹل پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔ سمندر پار پاکستانی اپنے قریب ترین ڈاکٹر سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔
نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ ڈیجیٹل پورٹل پر پرائیویٹ حج کی بکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔





