پشاور: ڈبلیو ایس ایس پی نے عیدالفطر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا

پشاور۔  واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عیدالفطر کے تینوں دنوں کے دوران شہر بھر میں صفائی اور فراہمی آب کا آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔ آپریشن میں 2500 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر علی خان نے آپریشن کی نگرانی کی۔

سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سمیت منتخب نمائندوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کے عملے کی محنت اور کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ عید سے ایک روز قبل شہر بھر میں آپریشن کلین اپ کیا گیا اور تمام علاقوں اور کلیکشن پوائنٹس کو صاف کیا گیا۔

عید کے دنوں میں 455 ٹن کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا اور تقریباً ایک ہزار ٹن کوڑا کرکٹ تلف کیا گیا۔ اسی دوران، گلی محلوں کے مساجد کے قرب و جوار میں صفائی کا عمل بھی جاری رکھا گیا۔ واٹر سپلائی سٹاف نے پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا اور نالیوں کی کلیئرنس کا عمل بھی جاری رکھا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر علی خان نے اس کامیاب آپریشن پر عملے اور مینجمنٹ حکام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک کے نتیجے میں شہر کو صاف رکھا گیا اور عوام کی عید خوشگوار بنائی۔

Scroll to Top