ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے

جس کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ امریکی ڈالر انعام میں ملیں گے، جب کہ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔ پی سی بی کے اس فیصلے نے کرکٹ شائقین میں مزید جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔

پی ایس ایل 10 کا آغاز آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شاندار افتتاحی تقریب سے ہوگا، جس میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 34 میچز پر مشتمل یہ ایونٹ 18 مئی تک جاری رہے گا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 13 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں دونوں ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 11 میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں 13 مئی کو پہلا کوالیفائر بھی کھیلا جائے گا۔ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچ، پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 10 میں تین ڈبل ہیڈرز بھی شامل ہوں گے، جن میں سے دو ہفتہ کے دنوں اور ایک یوم مزدور (یکم مئی) کو کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل 10 میں بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے، جب کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئے کپتانوں ڈیوڈ وارنر اور سعود شکیل کی قیادت میں میدان میں اتریں گے۔

یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل میں کس ٹیم نے سب سے زیادہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا؟

گزشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جبکہ ملتان سلطانز لگاتار تیسری بار رنر اپ رہی تھی۔ پی ایس ایل 10 کا آغاز ایک نئی امید کے ساتھ ہو رہا ہے، اور کرکٹ شائقین کو ایک اور دلچسپ سیزن کی توقع ہے۔

Scroll to Top