واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواب ترک کر دینا چاہیے، بصورتِ دیگر اسے سنگین ردعمل کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران ہمارے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، لیکن اسے یہ معلوم نہیں کہ یہ کیسے کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا، ایران کے مسئلے کو میں اپنے دورِ حکومت میں ہی مکمل طور پر حل کر دوں گا۔
صدر ٹرمپ نے ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ، “ہم کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔”
گفتگو کے دوران ٹرمپ نے امریکہ میں مقیم غیرقانونی تارکینِ وطن کے بارے میں بھی سخت موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ غیرقانونی افراد کو واپس بھیجا جائے۔
اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے ملک میں درآمدی ادویات پر محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کا بھی عندیہ دیا، اور کہا کہ یہ اقدام زیادہ دور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کو تحفظ دینے اور ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے ادویات پر ٹیرف کا نفاذ ناگزیر ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ٹرمپ انتظامیہ نے سمارٹ فونز، کمپوٹرز کو ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دے دیا
صدر ٹرمپ کے ان بیانات کو ماہرین بین الاقوامی تعلقات اور معاشی پالیسی کے تناظر میں خاصی اہمیت دے رہے ہیں، جبکہ ایران سے متعلق ان کے بیانات خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔