پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیر نے حیات آباد پشاور میں خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر تعمیر نئے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ان کے ہمراہ کے پی ایزڈمک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل صلاح الدین اور سینئر انتظامی ٹیم موجود تھی۔
نئی کثیر المنزلہ عمارت اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ عمارت میں گراؤنڈ فلور، پانچ بالائی منزلیں اور دو منزلہ بیسمنٹ شامل ہیں۔ اس میں جدید میٹنگ رومز، سولر انرجی سسٹم، معذور افراد کے لیے ریمپ اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
بالائی دو منزلیں نجی شعبے کو کرائے پر دینے کے لیے مختص کی گئی ہیں تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔
عبدالکریم تورڈھیر نے عمارت کی تعمیراتی معیار کو سراہا اور کہا کہ نیا ہیڈ آفس حکومت کی جانب سے صوبے میں جدید صنعتی ڈھانچے کی فراہمی کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبائی صنعتی ترقی میں کمپنی کے کردار کو مزید مستحکم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی خیبر پختونخوا نے ایک بارپھر سڑکوں پر آنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں
عمارت جلد مکمل کر کے فعال کر دی جائے گی جس کے بعد یہ دفتر کے پی ایزڈمک کی تمام سرگرمیوں کا مرکز بنے گا اور سرمایہ کاروں کو بہتر سہولت فراہم کرے گا۔
کے پی ایزڈمک کا نیا ہیڈ آفس صوبے میں صنعتی ترقی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





