رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہاہے کہ ٹرمپ انتظامیہ سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں داد رسی کی امید نہیں رکھتا ۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہاہے کہ اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی سے مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ، ان کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو جیل کے اندر رکھنا ہے ، انہوں نے کہا کہ پہلے ہمیں امید تھی 26ویں آئینی ترمیم نے عدالتوں کا بھی گلا گھونٹ دیا ، پی ٹی آئی کے پاس کھانے کیلئے پیسے نہیں تو امریکا میں لابنگ کا پیسہ کہاں سے آیا ۔
انہوں نے کہا کہ بل ابھی پڑے ہوئے ہیں پی ٹی آئی وکلا کے کروڑوں روپے کی نادہند ہے ، بانی پی ٹی آئی کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ پاکستانیوں نے دو تہائی اکثریت کا مینڈیٹ دیا ۔
انہوں نے کہاکہ جنید اکبر سمجھ دار ہیں ہم نے سیاسی جدوجہد کرنی ہے تو انہیں چیلنج نہیں کرنا چاہیے ایسے بیانات کہ بندوقوں کی نالیاں صاف کرکے تیاری کریں اس کا مقصد ہے ہم ان کو چیلنج کررہے ہیں ۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے ساتھ جنہوں نے فارورڈ بلاک بنانے کیلئے رابطہ کیا میں نے انہیں منع کردیا ، میں نے کہا ہے کہ میں پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا ، کسی ایسے فارورڈ بلاک کا حصہ نہیں بنوں گا جو پی ٹی آئی کی تقسیم کا باعث بنے ۔