پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے دی

پشاور زلمی نے پی ایس ایل سیزن 10 کے 9ویں میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے دی۔ مسلسل دو میچز میں ناکامی کے بعد زلمی کی یہ فتح کھیل میں ایک درامائی واپسی کی علامت ہے۔ اس کامیابی کے بعد زلمی دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔

آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو سودمند ثابت ہوا۔

زلمی کی اننگز کی شروعات کچھ مایوس کن رہیں جب دونوں اوپنرز ابتدائی دو اوورز میں آؤٹ ہو گئے، مگر ون ڈاؤن ٹام کوہلر کیڈمور اور ٹو ڈاؤن محمد حارث نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں نے پاور پلے میں جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کا اسکور تیزی سے آگے بڑھایا۔

محمد حارث نے صرف 21 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جبکہ کیڈمور نے 30 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں کی شراکت نے زلمی کی اننگز کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ حارث کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت نے رن ریٹ برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ہدف کا تعاقب کبھی بھی پراعتماد نظر نہیں آیا۔ پوری ٹیم صرف 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی، یوں پشاور زلمی نے میچ 120 رنز سے جیت کر اپنی فارم میں واپسی کا شاندار اعلان کیا۔

یہ پی ایس ایل 10 کا مسلسل چھٹا میچ تھا جس میں پہلے کھیلنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

Scroll to Top