امریکا اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں، ٹرمپ کادعویٰ

واشنگٹن / بیجنگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں،

تاہم چینی وزارت خارجہ نے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف پر نہ کوئی مشاورت ہو رہی ہے اور نہ ہی کوئی معاہدہ زیر غور ہے۔

امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح اُن کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں اور چین سے بات چیت جاری ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات پر بات ہو رہی ہے۔

دوسری جانب بیجنگ سے چینی وزارت خارجہ نے ایک سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس وقت امریکا کے ساتھ ٹیرف یا تجارتی معاہدے سے متعلق کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہو رہی۔

ترجمان نے کہا کہ چین پہلے ہی یہ مؤقف اختیار کر چکا ہے کہ ٹیرف اور تجارتی جنگوں کا کوئی فاتح نہیں ہوتا، اور ابھی مذاکرات کا آغاز بھی نہیں ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان جاری کشیدگی عالمی تجارتی منڈی پر اثر انداز ہو سکتی ہے، اور ایسے بیانات سے ابہام مزید بڑھتا جا رہا ہے۔

Scroll to Top