وادیِ نیلم میں دلخراش حادثہ: اسکول کے بچوں کی گاڑی دریا میں گر گئی، 3 سگے بھائیوں سمیت 4 بچے جاں بحق

مظفر آباد: آزاد کشمیر کی خوبصورت وادیِ نیلم میں ایک افسوسناک اور غم ناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں اسکول جانے والے معصوم بچوں کی گاڑی دریائے نیلم میں جا گری۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں 4 معصوم بچے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ دردناک واقعہ وادیِ نیلم کے علاقے نگدر کناری کے قریب اس وقت پیش آیا جب بچے معمول کے مطابق صبح اسکول جا رہے تھے۔

تیز رفتار یا سڑک کی ناہمواری کے باعث ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی سے ہوتی ہوئی منہ زور دریائے نیلم میں جا گری۔

یہ بھی پڑھیں : اگلے تین روز کیلئےپیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا اعلان،نوٹیفکیشن جاری

حادثے کا شکار ہونے والے تمام بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جس کے باعث علاقے میں شدید کوہرام مچ گیا۔ جاں بحق ہونے والے 4 بچوں میں 3 سگے بھائی بھی شامل ہیں، جن کی ناگہانی موت نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

 شدید کٹھن حالات کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے دریا کی تیز لہروں سے بچوں کی لاشوں کو باہر نکالا اور زخمیوں سمیت فوری طور پر قریب ترین مقامی ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top