پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئر لائنز کی پروازیں متاثر، تاخیر اور منسوخی کا سامنا

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئر لائنز کی پروازیں متاثر، تاخیر اور منسوخی کا سامنا

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئر لائنز کو شدید مشکلات، متعدد پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئر لائنز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، متعدد پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کئی پروازیں مکمل طور پر منسوخ کردی گئیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نئی دہلی سے امرتسر جانے والی 33 پروازیں 2 سے 9 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں، جب کہ نئی دہلی میں نجی ایئر لائنز کی دو پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

بھارتی نائب صدر کی روم سے دہلی آنے والی خصوصی پرواز کو بھی طویل اور غیر متوقع مسافت طے کرنا پڑی۔ علاوہ ازیں نیویارک، ٹورنٹو، ویانا اور لندن سے دہلی آنے والی 8 پروازیں بھی 3 سے 9 گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دمام، فرینکفرٹ، برمنگھم، پیرس اور میلان سے دبئی کی جانب جانے والی بھارتی ایئر لائنز کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جب کہ ایمسٹرڈیم، کوپن ہیگن، واشنگٹن اور شکاگو سے دہلی کے لیے شیڈول پروازیں وقت پر روانہ نہیں ہو سکیں۔

تبلیسی، پیرس، جدہ، دوحہ اور تاشقند سے دہلی آنے والی پروازوں کو بھی 2 سے 7 گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی فضائی حدود کی اس بندش نے بھارت کی بین الاقوامی فضائی آمد و رفت کو متاثر کیا ہے اور ایئر لائنز کو متبادل راستوں کی تلاش میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

Scroll to Top