امریکی انٹرنیٹ کمپنی یاہو کی گوگل کا کروم براؤزر خریدنے میں دلچسپی

نیویارک: امریکی انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے گوگل کے مقبول کروم براؤزر کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف آن لائن سرچ مارکیٹ میں گوگل کی اجارہ داری ختم کرنے کے لیے کمپنی کو کروم براؤزر فروخت کرنے پر مجبور کرنے پر غور کر رہا ہے۔

چند ماہ قبل محکمہ انصاف نے وفاقی عدالت میں تجویز پیش کی تھی کہ گوگل کو اپنا کروم براؤزر فروخت کر دینا چاہیے تاکہ مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ مل سکے۔ اب ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق یاہو کے مالک نے اس ممکنہ فروخت میں دلچسپی دکھائی ہے۔

یاہو سرچ کے جنرل منیجر، برائن پرووسٹ، نے حال ہی میں واشنگٹن میں جاری گوگل ٹرائل کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ اگر عدالت گوگل کو براؤزر فروخت کرنے پر مجبور کرتی ہے تو یاہو اس خریداری کے لیے باقاعدہ بولی لگائے گا۔ ان کا اندازہ ہے کہ کروم براؤزر کی فروخت کی قیمت 10 ارب ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں چین نے 10 جی براڈبینڈ انٹرنیٹ سروس متعارف کرا کے ٹیکنالوجی میں انقلاب برپا کردیا

واضح رہے کہ کروم براؤزر دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کے درمیان بے حد مقبول ہے اور اس کی فروخت آن لائن ٹیکنالوجی مارکیٹ میں بڑی تبدیلی لا سکتی ہے۔

Scroll to Top