بھارتی کاروباری برادری کا ہر سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا، پاکستان بزنس فورم کا بڑا اعلان

پاکستان بزنس فورم نے بھارت کے ساتھ ہر سطح پر مکمل تجارتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر احمد جواد نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قومی مفاد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان بزنس فورم کے مطابق، بھارت کو اگر پاکستان کی سرزمین کے ذریعے تجارت کی اجازت نہ دی گئی تو اسے سالانہ 1140 ملین ڈالر کا بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ مزید برآں، بھارت کی افغانستان سے زرعی اجناس کی مد میں ہونے والی سالانہ تقریباً 640 ملین ڈالر کی درآمدات بھی اب بندش کے باعث شدید متاثر ہوں گی۔

احمد جواد نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا معمول بن چکا ہے کہ وہ چند سال خاموش رہنے کے بعد اچانک پاکستان پر الزامات عائد کر کے اپنی داخلی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔

پاکستان بزنس فورم کا کہنا ہے کہ جب تک بھارت باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تمام مسائل کا حل تلاش نہیں کرتا، تب تک اس کے ساتھ مکمل تجارتی بائیکاٹ جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی، بالآخر امریکا کا اہم بیان سامنے آگیا

Scroll to Top