بھارتی جارحیت نے معذور نوجوان آیان کو ماں سے جدا کردیا

کراچی: بھارتی جارحیت کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں کراچی میں پولیس مقابلے کی زد میں آ کر معذور ہونے والا نوجوان آیان علاج کی غرض سے بھارت گیا لیکن بھارتی حکومت کے ظلم کی بھینٹ چڑھ گیا۔

آیان کی ماں بھارتی شہریت کی حامل ہونے کے باعث بھارت میں روک لی گئی جبکہ آیان اور اس کے دیگر بہن بھائی پاکستان واپس آ گئے، جس کے بعد ماں اور بچوں کی جدائی کا دردناک سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 27 مارچ کو آیان اپنے اہل خانہ کے ساتھ علاج کے لیے بھارت گیا تھا اور دہلی میں اس کا علاج جاری تھا کہ اچانک پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہو گئے۔

بھارتی حکومت نے آیان اور اس کے اہل خانہ کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا، تاہم آیان کی ماں کو، جو بھارتی شہریت رکھتی ہیں، پاکستان آنے سے روک دیا گیا۔ نتیجتاً آیان اور اس کے بہن بھائی ماں کی جدائی میں بے حد غمزدہ ہیں اور ان کی حالت رقت آمیز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت کے خلاف عالمی برادری پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی

واقعہ بھارتی جارحیت اور مظالم کا ایک اور ثبوت بن کر سامنے آیا ہے، جس میں نہ صرف انسانی ہمدردی کو نظر انداز کیا گیا بلکہ ایک معذور بچے کو ماں کی محبت سے بھی محروم کر دیا گیا۔

آیان کے بہن بھائیوں نے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد ان کی ماں کو پاکستان لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ بچھڑے ہوئے خاندان دوبارہ یکجا ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قرار داد منظور ،مہم جوئی کا جواب دیا جائے گا

Scroll to Top