پاکستانی فضائی حدود کی بندش، دہلی ایئرپورٹ پر 510 پروازیں تاخیر کا شکار

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، دہلی ایئرپورٹ پر 12 گھنٹوں میں 510 پروازیں تاخیر کا شکار

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش اور دیگر آپریشنل وجوہات کے باعث بھارت کی اندرون اور بیرون ملک پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے،دہلی کے اندر گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صرف پیر کی دوپہر 1 بجے سے رات 1 بجے کے درمیانی 12 گھنٹوں میں 510 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اس مدت کے دوران آمد کی 250 جبکہ روانگی کی 260 پروازیں متاثر ہوئیں، آمد کی پروازوں میں اوسط تاخیر 55 منٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ روانگی کی پروازوں میں تاخیر کا اوسط دورانیہ 65 منٹ رہا۔

ذرائع نے بتایا کہ آمد کی پروازوں میں تاخیر سے ایئر ٹریفک میں خلل کا انڈیکس 4.6 تک پہنچ گیا، جب کہ روانگی کی پروازوں میں تاخیر سے مشکلات کا انڈیکس انتہائی سطح 5 پر پہنچ گیا۔ سب سے زیادہ تاخیر اندرون ملک پروازوں میں دیکھی گئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس بحرانی صورتحال کی بڑی وجہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کو قرار دیا جا رہا ہے، جو کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد کی گئی۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد جمعرات کی شام پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً 6 بجے بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود بند کر دی گئی تھی، جس کے اثرات اب دہلی سمیت بھارت کے مختلف ایئرپورٹس پر نظر آ رہے ہیں۔

Scroll to Top