افغان سرزمین پاکستان سمیت چین کے خلاف بھی استعمال ہورہی ہے، گورنر خیبر پختونخوا

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت چین کے خلاف بھی استعمال ہورہی ہے، چین پاکستان اکنامک کاریڈور کو نقصان پہنچانے کیلئے افغانستان کو استعمال کیا جارہا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے جتنے بھی واقعات ہوتے ہیں، 70 فیصد کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔

پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغان حکومت سے بار بار مطالبہ کیا گیا ہے کہ انکی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکا جائے لیکن افغان عبوری حکومت نے ابھی تک سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

پہلگام واقعہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بھارت نے بغیر ثبوت، بغیر تحقیقات کے پاکستان پر الزام لگایا حالانکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر بھی امن کی بات کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ دوسروں پر الزامات لگانے کی بجائے بھارت خود سوچیں کہ کینیڈا میں ایک بھارت مخالف شخصیت کا قتل، امریکا میں ایک اور قتل کی منصوبہ بندی کس نے کی؟

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت اس وقت گجرات کے قصائی کے قبضے میں ہیں،انکی جماعت انتہاپسندانہ نظریے کی حامل جماعت ہے لیکن بھارت یاد رکھیں کہ 2019ء سے بھی سخت جواب ملے گا۔پاکستان ایک نیوکلیئر قوت ہے اور کسی نے بھی ملک کو میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب دینے میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔

سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلگام واقعے میں ناکامی اور اپنی چوری چھپانے ،حقائق اور اصل معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے مودی سرکار نے یہ فیصلہ کیا تاکہ عوام کو دھوکے میں رکھاجائے۔

پاکستانی قوم کی جانب سے اتفاق اور اتحاد کے مظاہرے کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن بھارت کے خلاف پاکستانی قوم یکجا ہوگی۔فوج کا مورال بھی بلند ہے اور تیاریاں مکمل ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں بھی واضح پیغام دیا گیاکہ ہم کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

Scroll to Top