پہلگام پر بیان برداشت نہ ہوا، بھارت نے بلاول بھٹو کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ معطل کر دیا

بلاول ہاؤس کے ترجمان نے بھارت کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اکاؤنٹ معطل کیے جانے پر سخت ردعمل دیا ہے۔

ترجمان بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مودی ڈرتا ہے اور بھارت ایک غیر جمہوری ملک ہے جہاں آزادی اظہار کی کوئی گنجائش نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مودی ایک بزدل شخص ہے جو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتا، اسی لیے بلاول بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ معطل کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام کے حالیہ واقعے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دوٹوک بیانیے نے مودی کا ہاضمہ خراب کردیا۔ ترجمان نے بلاول بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ معطل کرنے کو شترمرغ کا ریت میں سر چھپانے کے مترادف قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سکھ برادری نے بھارت کا پہلگام ڈرامہ مسترد کر دیا، پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اعلان

بلاول ہاؤس کے ترجمان نے یاد دلایا کہ یہ بلاول بھٹو ہی تھے جنہوں نے گجرات کے قصائی کو پہلی بار دنیا کے سامنے بے نقاب کیا تھا۔

بلاول ہاؤس کے ترجمان نے واضح کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مستقبل میں بھی جنگی جنون میں مبتلا مودی کو آئینہ دکھاتے رہیں گے۔

Scroll to Top