سندھ طاس معاہدے اور مسئلہ کشمیر پر بھارت سے بات ہوگی، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ سندھ طاس معاہدے پر بات چیت کرے گا، مسئلہ کشمیر بھی ایجنڈے میں سرفہرست ہوگا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے سندھ طاس معاہدے اور مسئلہ کشمیر پر بات کرے گا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی طاقت کا غرور خاک میں مل چکا ہے اور پاکستان کی کامیابی کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان سے اس مؤثر جواب کی توقع نہیں کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جو خوش فہمی لاحق ہو گئی تھی، اب اسے ضرور اس پر نظر ثانی کرنی پڑے گی، بھارت کا خیال تھا کہ پاکستان کو دباؤ میں لا کر اپنی شرائط منوائے گا، مگر حقیقت اس کے برعکس ثابت ہوئی۔

انہوں نے پہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے بھارت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اور دنیا بھر میں یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ بھارت کی عسکری حکمت عملی ناکام ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سفارتکاری کو کمزوری سمجھنا بھارت کو لے ڈوبا، پاکستان کے غیر متوقع سخت جواب نے اُسے صلح پر مجبور کر دیا،سی این این

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ، آذربائیجان اور چین نے پاکستان کی کھل کر حمایت کی جبکہ یو اے ای، سعودی عرب اور قطر کی ہمدردیاں بھی پاکستان کے ساتھ رہیں۔

Scroll to Top