ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
دادو اور تربت میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں 47، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر اور بھکر میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 43، پشاور میں 44، اسلام آباد 42، مظفرآباد 40، کوئٹہ 38 اور کراچی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
ہیٹ ویو کا یہ سلسلہ 20 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں، وسطی و شمالی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ہیٹ ویو کی شدت برقرار، 20 مئی تک گرمی بڑھنے کا امکان
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، دھوپ میں سفر سے گریز کریں، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہا جا سکے۔





