امریکی ریاست کینٹکی اور میزوری شدید طوفانی سسٹمز اور ہوا کے بگولوں کی زد میں آ گئیں جن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کینٹکی اور میزوری میں شدید طوفان کےباعث 27 افراد جان کی بازی ہار چکے اور سیکڑوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
امریکی ریاست کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر کے مطابق صرف کینٹکی میں 18 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے 17 کا تعلق لورل کاؤنٹی سے ہے، ہلاک شدگان میں فائر ڈیپارٹمنٹ کے 39 سالہ تجربہ کار اہلکار میجر راجر لیسلے لیڈرمین بھی شامل ہیں جو امدادی کارروائی کے دوران زخمی ہو کر چل بسے۔
شدید طوفان سے مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے اور کئی گاڑیاں الٹ گئیں، لکڑی کے گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
امریکی حکام کے مطابق 5 ہزار سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 3 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔
امریکی ریاست کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مناظر دیکھنا انتہائی کربناک ہے، کچھ گھروں کی ایک بھی دیوار باقی نہیں رہی اور بعض گھروں کی چاروں دیواریں سلامت ہیں مگر اندر کا مکین ہلاک ہو چکا ہے۔
ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ کے ڈائریکٹر ایرک گبسن کے مطابق سیکڑوں مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ دو درجن ریاستی شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں جن میں سے کچھ کو کھولنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کے پیوٹن سے رابطے سے قبل وزرائے خارجہ کی اہم گفتگو
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور کئی متاثرہ علاقوں تک رسائی اب بھی ممکن نہیں۔