محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید 4 روز کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق رواں ہفتے کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشگوئی اور ہوا کا زیادہ دباؤ موجود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 24 مئی تک جنوبی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بعض مقامات پر 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے خاصا زیادہ ریکارڈ کیے جانے کی توقع ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں، بشمول پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں بارش یا شدید گرمی؟ موسم کی صورتحال پر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سامنے آ گئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث بعض میدانی علاقوں میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان بھی موجود ہے، عوام کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





