خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہےجبکہ رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہے گا۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس کی جائے گی۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود اور صبح و رات کے وقت سردی کی لہر برقرار رہے گی۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں صبح اور رات کو سردی جبکہ دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ شام یا رات کے وقت چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بندوق نہیں قلم، میدان جنگ نہیں کھیل کے میدان آباد کریں گے: گورنر فیصل کریم کنڈی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہا۔

ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق لہہ منفی 04، اسکردو منفی 01 اور استور میں 03 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے سرد ترین علاقے رہے۔

Scroll to Top