خیبرپختونخوا کے بالائی اور جنوبی اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں رات کے وقت بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں موسم خشک اور صبح و رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہے گی جبکہ مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں بشمول لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں صبح کے وقت شدید دھند اور اسموگ چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شمالی بلوچستان میں موسم سرد رہے گا جبکہ کوئٹہ، چمن، پشین اور ژوب میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنادی
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہے گا۔ کراچی میں فی الحال گرمی برقرار ہے تاہم 5 نومبر کے بعد مغربی ہواؤں کے داخلے سے موسم بہتر ہونے کی توقع ہے۔





