صدر مملکت اور وزیراعظم کی فورسز پر حملے کی شدید مذمت، شہدا کو خراجِ عقیدت

دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، سیکیورٹی آپریشنز جاری رہیں گے، صدر، وزیراعظم

صدر مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تین مختلف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے سیکیورٹی اہلکاروں کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی ان کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کا قلع قمع کیا جانا نہ صرف سیکیورٹی اداروں کی صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ یہ ملک دشمن عناصر کو واضح پیغام بھی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کامیاب آپریشنز کرنا خوش آئند اور قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا قومی عزم غیر متزلزل رہے گا،  فتنۃ الخوارج کا مکمل خاتمہ قومی عزم اور اتحاد سے ہی ممکن ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 9 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور جذبے کی بدولت ملک میں دہشتگردوں اور دہشتگردی کا مکمل سدباب تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے، جو دن رات ملک کے امن و استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگرد بھارتی سرپرستی میں کام کر رہے ہیں، اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں 9 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہند کے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے 9 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خوارجیوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں اور پوری قوم کو اپنی بہادر فورسز پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں پاکستان کے امن، استحکام اور دفاع کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

Scroll to Top