پشاور : مسلم لیگ (ن) کے رہنما ارباب خضر حیات نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نیشنل میڈیا کے رویے پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اگر کوئی سائیکل سے بھی گر جائے تو اسے بریکنگ نیوز بنا دیا جاتا ہے، لیکن جب خیبر پختونخوا میں ہمارے فوجی، پولیس اہلکار یا شہری شہید ہوتے ہیں تو انہیں وہ کوریج نہیں ملتی جو ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے، لیکن نیشنل میڈیا مکمل خاموش ہے۔ ہم اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ارباب خضر حیات نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا حکومت میں شامل اعلیٰ شخصیات کرپشن میں ملوث ہیں اور بہت جلد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور ان کی کابینہ جیل میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کروڑوں نہیں، اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے اور ڈمپر کے ڈرائیور تک کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکل رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائد ہیں، اور وزیراعظم شہباز شریف کے بیانات دراصل نواز شریف کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ تناؤ کے دوران نواز شریف وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھے، جہاں آرمی چیف، صدر اور بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے، اور ساری صورتحال کو مشترکہ طور پر مانیٹر کیا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی کوہ پیما سعد منور نے ماؤنٹ ایوریسٹ سر کر لیا
بھارتی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے ارباب خضر حیات نے کہا کہ مودی کی شکست فاش ہو چکی ہے، اور بھارت کا میڈیا اور عوام بھی جان چکے ہیں کہ وہ ناکام ہو چکے ہیں۔ مودی بھارتی عوام کو دھوکہ دے رہا ہے، جیسے یہاں پی ٹی آئی اپنی عوام کو جھوٹ سے بہلا رہی ہے۔





