محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے یکم جون تک تیز آندھی، گرد و غبار کے طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں، خصوصاً خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بعض حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں بارشوں کے ساتھ ساتھ گرد و غبار کے طوفان کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی اور جنوبی پاکستان میں گرد آلود طوفان کے باعث عمارتوں، گاڑیوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور طوفانی موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کمزور ڈھانچوں، سائن بورڈز یا درختوں کے قریب کھڑے نہ ہوں۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے قریبی علاقوں میں ممکنہ نقصانات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو بھی ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔





