وفاقی وزیر برائے سیفران و کشمیر امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور انہیں ترقی کے ہر میدان میں آگے لانا حکومت کا مشن ہے۔
تفصیلات کے مطابق وہ خواتین باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شاندار اور منظم ایونٹس کا انعقاد نہ صرف نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے تقریب کے منتظمین اور محکمہ تعلیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نوجوانوں کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ آج ہزاروں بچیوں کی تقریب میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور انہیں صرف بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔ جس ملک کو ڈیفالٹ کا خطرہ تھا، آج وہ معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور نوجوانوں پر سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، کیونکہ یہی قوم کا اصل سرمایہ ہیں۔ ہم دوسروں سے مختلف سوچ رکھتے ہیں، ہمارا ایجنڈا صرف ایک ہے: نوجوانوں کو ملکی ترقی میں کلیدی کردار دینا۔
وفاقی وزیر نے افواجِ پاکستان کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کا نام بلند کیا ہے۔ نوجوانوں کو معیشت، سیاست، کھیل اور ہر شعبے میں آگے لانے کے لیے ہم ہر وقت ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہمارے بچوں میں موجود ہے، ضرورت صرف اس ٹیلنٹ کو پہچاننے، مواقع فراہم کرنے اور اس کی رہنمائی کی ہے تاکہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو۔
خیبر پختونخوا میں کرپشن کے بڑے بڑے سکینڈلز سامنے آرہے ہیں ، صوبائی کابینہ کے اراکین اپنے وزیراعلیٰ پر چوری کاالزام لگا رہے ہیں ۔وفاقی حکومت کی کوششوں سے ملک میں امن لوٹ رہا ہے ، اندرون اور بیرون محاذ پر ملک کامیابیاں سمیٹ رہا ہے ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جلد خوشیاں لوٹ آئیں گی





