وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں پائیدار بنیادوں پر کمی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور جلد عوام کو اس کا عملی ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں اویس لغاری نے کہا کہ ایک سال کے دوران صنعتی شعبے کا ٹیرف 30 فیصد کم کیا گیا، جو حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں کی جانے والی سنجیدہ اصلاحات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام صارفین کو بھی ریلیف دینے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وزیر توانائی کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے آزاد پاور پروڈیوسرز (IPPs) کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کا ازسر نو جائزہ لیا گیا ہے تاکہ پیداواری لاگت کم ہو اور عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ پاکستان میں سولر پینلز کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ ملک متبادل توانائی کے انقلاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سے تین سال کے دوران بجلی کی مجموعی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ متبادل ذرائع توانائی کا فروغ ہے۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پاور سیکٹر میں گزشتہ ایک سال کے دوران اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن کا مقصد نظام کو مستحکم اور صارف دوست بنانا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت آئندہ بھی توانائی کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





