خطے میں استحکام کی کوشش، پاکستان اور افغانستان کا سفارتی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق،اہم فیصلہ سامنے آ گیا

پاکستان اور افغانستان نے باہمی سفارتی تعلقات کو اپ گریڈ کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے ناظم الامور کو باقاعدہ سفیر کے درجے پر ترقی دیدی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور عبد الرحمان نظامانی کو افغانستان میں سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ افغانستان کے ناظم الامور سردار احمد شکیب کو پاکستان میں بطور سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ دونوں سفیر کل سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اعلیٰ سطح کی ان تقرریوں کے بعد پاکستان اور افغانستان کے سفارتی مشنز میں سفارتکاروں اور عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

سفارتی تعلقات کی یہ بہتری معاشی تعاون، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور دوطرفہ تجارت جیسے اہم شعبوں میں عملی پیش رفت کی راہ ہموار کرے گی۔ اس فیصلے کو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اعتماد سازی کا اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 2022 میں افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا تھا، جس کے باعث پاکستان نے سفارتی روابط کو نچلی سطح پر رکھتے ہوئے کابل میں صرف ناظم الامور کی تعیناتی پر اکتفا کیا تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب یہ پیش رفت نہ صرف دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی علامت ہے بلکہ عوامی روابط، سفارتی تعاون اور خطے کے استحکام کے لیے بھی امید افزا قدم ہے۔

Scroll to Top