پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے سے پہلے پی ڈی ایم حکومت میں ہونے والی کرپشن کا جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی حکومت کے دوران ریکارڈ کرپشن ہوئی جس کی تفصیلات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رپورٹ میں پیش کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسد محمود نے بطور وفاقی وزیر کرپشن میں نمایاں کردار ادا کیا۔
محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 26 مئی سے شروع ہونے والی صوبائی حکومت کے خلاف کرپشن کی مہم جاری رہے گی اور اس میں صوبے کی تمام سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی پیپلز پارٹی کے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہیں۔
پیپلزپارٹی کے رہنما محمد علی شاہ باچا نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور ہر سطح پر احتساب کا مطالبہ کرتی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں 40 ارب روپے کے کرپشن سکینڈل کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہیے، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی کے احتجاج پر بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کا احتجاج کرپشن کے خلاف نہیں بلکہ اس بات پر ہے کہ ان کا کرپشن کا ریکارڈ ٹوٹ رہا ہے۔





