’اوبر‘ کے بعد مقبول ترین رائیڈنگ سروس کا پاکستان میں کاروبار بند کرنے کا اعلان

مقبول ترین رائیڈنگ سروس کریم نے اعلان کیا ہے کہ وہ 18 جولائی 2025 سے پاکستان بھر میں اپنی رائیڈ ہیلنگ سروس بند کر رہی ہے۔

وی نیوز کے مطابق کمپنی کے سی ای او اور شریک بانی مدثر شیخہ نے بدھ کے روز یہ خبر اپنی ’لنکڈ اِن‘ پوسٹ کے ذریعے دی۔

مدثر شیخہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انتہائی مشکل تھا، لیکن پاکستان میں مسلسل بگڑتے معاشی حالات، بڑھتی ہوئی مسابقت اور عالمی سرمایہ کاری کے چیلنجز کے باعث محفوظ اور قابلِ اعتماد سروس مہیا کرنا ممکن نہ رہا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ صرف سروس کا اختتام ہےکریم پاکستان میں ایک نئے انداز میں اپنا سفر جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ کریم نے پاکستان میں اکتوبر 2015 میں اپنی سروس کا آغاز کیا تھا۔ یہ مجموعی طور پر دنیا کے 12 ممالک میں خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اس نے اپنی سروس کے ذریعے لاکھوں صارفین اور ہزاروں ڈرائیورز کی زندگیوں پر اثر ڈالا۔

اس سے پہلے اپریل 2024 میں، اوبر نے پاکستان میں اپنی سروس بند کر دی تھی۔ البتہ ’ان ڈرائیو’ اور ’یانگو‘ سمیت بعض دیگر کمپنیاں سروس جاری رکھے ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ ان پر سفر کرتے ہیں۔

Scroll to Top