وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ شاہراہ قراقرم، ایم ایل ون اور گوادر پورٹ کی آپریشنل حیثیت کے ساتھ ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون نہایت اہم ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تزویراتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے چین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، جس کی بدولت پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی اور میکرو اکنامک آؤٹ لک میں بہتری آئی ہے۔
حمد شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ سربراہ اجلاس کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے دورہ چین کی تیاریوں اور دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت کا بھی ذکر کیا۔
اس ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، خاص طور پر ایران اور اسرائیل کے تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔
چینی سفیر نے وزیراعظم کو دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگست میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔





