پاکستان میں ہوابازی کے شعبے میں جدیدیت کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر ای گیٹس کی تنصیب کے لیے بنیادی ڈیزائن جرمن ماہرین کے دورے کے دوران فائنل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق، ای گیٹس منصوبہ بروقت اور بغیر کسی تاخیر کے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تین روزہ ورکشاپس کے دوران تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی، اور عملی اقدامات پر اتفاق رائے قائم کیا گیا۔
ای گیٹس کی تنصیب سے مسافروں کو خودکار نظام کے ذریعے تیز اور مؤثر امیگریشن سہولیات میسر آئیں گی، جو نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ ایئرپورٹس پر ہجوم کو بھی کم کرے گی۔ یہ جدید سہولت پاکستان کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی قومی کوششوں کا حصہ ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ منصوبہ نہ صرف تکنیکی اعتبار سے محفوظ، قابلِ توسیع اور اسمارٹ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، بلکہ اس سے پاکستان کے ایئرپورٹس کو ڈیجیٹل اور سکیورٹی کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق، منصوبے کے کنسلٹنٹس اپنے اہداف کی جانب تسلی بخش پیش رفت کر رہے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ای گیٹس سسٹم آئندہ برس کے آغاز تک مکمل فعال ہو جائے گا۔





