ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ زور پکڑنے لگا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ طوفانی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سوات، دیر، پشاور، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ اور مانسہرہ میں موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ادھر کرک میں بارش کے بعد شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور عوام سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔





